مختلف امراض میں جاپانی پھل کے شفائی اور معالجاتی اثرات

جاپانی پھل ایک نہایت ہی لذیذ ، شیریں اور حلاوت سے بھر پور خوش ذائقہ پھل ہے۔ بچے، بوڑھے، جوان ، خواتین اور بچیاں سب ہی بطور پھل اس کا کثرت سے استعمال کرتے ہیں۔ یہ پھل انسانی بدن میں قوت مدافعت میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ اگر چہ اس کا استعمال بالعموم براہ راست ایک پھل کے طور پر ہی ہوتا ہے تا ہم مختلف امراض اور عوارض میں اس کے ادویاتی اثرات سے بھی پہلو تہی نہیں کی جاسکتی۔ اطبائے کرام مختلف مریضوں کو اس پھل کا استعمال کراتے ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج نکلتے ہیں۔ ذیل کی سطور میں قارئین کے استفادے کے لیے چند ایسی امراض کا تذکرہ کیا جاتا ہے جن کا جاپانی پھل سے علاج ممکن ہے۔

 پٹھوں میں درد اور اکڑن کا علاج

 دن بھر کام کاج کرنے اور کھیلنے کودنے سے جسم کے پٹھوں میں درد ، اینٹھن اور اکڑن سی ہو جاتی ہے۔ آرام کرنے سے بھی اس تکلیف کو افاقہ نہیں ہوتا بلکہ یوں لگتا ہے کہ جیسے درد نے پچھوں یعنی عضلات میں گھر کر لیا ہے۔ ایسی صورت میں جاپانی پھل کے استعمال سے ان تکالیف سے نجات مل جاتی ہے۔ درد اور اکڑن کا خاتمہ ہو کر عضلات چست و چالاک ہو جاتے ہیں، انسان اپنے جسم میں توانائی اور فعالیت محسوس کرنے لگتا ہے اور اس کی کارکردگی میں نمایاں فرق پڑتا ہے۔ تھکاوٹ ، سستی کسل مندی دور ہو جاتی ہے۔

 آنکھوں کی کمزوری

جاپانی پھل کی ایک نمایاں خوبی یہ ہے کہ اس پھل میں وٹامن A اور وٹامن C بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔630 بین الاقوامی یونٹ وٹامن اے کے اس پھل سے ہمیں حاصل ہوتے ہیں۔ یہ پھل نظر کی کمزوری دور کرنے میں بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ آنکھوں کی کمزوری کو ختم کر کے نظر کو تیز اور تندرست کرنے میں قدرت کا گراں بہا عطیہ وٹا من اے جاپانی پھل میں گاجر ، آم، خوبانی، خربوزے اور گرمے کے بعد باقی سب پھلوں سے زیادہ ہمیں اس پھل سے حاصل ہوتا ہے۔

آنتوں کے امراض

جاپانی پھل کے استعمال سے چھلی ہوئی آنتیں تندرست ہو جاتی ہیں۔ چوں کہ یہ ایک لعاب دار پھل ہے۔ اس لیے غذائی اثرات کے ساتھ ساتھ اس پھل کے نرم نرم گودے سے آنتوں کے زخم ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ اگر چہ آنتوں کے زخموں کے لیے ادویات بالعموم دستیاب ہیں مگر کہاں ادویات کی تلخی اور کڑواہٹ اور کہاں ایک لذیذ پھل کی خوشگواریاں ۔ وہ جو کہا جاتا ہے آم کے آم اور گٹھلیوں کے دام، اس مقولے کا مصداق جاپانی پھل ایک ایسا تحفہ ہے کہ اس کو کھا کر مزے بھی لیے جاسکتے ہیں، شکم پری بھی ہو جاتی ہے اور نظام ہضم کی اصلاح کے ساتھ ساتھ آنتوں کے ورم کا علاج بھی ہو جاتا ہے۔ خام حالت میں اس پھل کو توڑنے سے اس سے گاڑھا دودھ برآمد ہوتا ہے یہی دودھ پھل کے پختہ ہونے پر لعاب میں تبدیل ہو جاتا ہے اور یہی لعاب آنتوں کی اندرونی نرم و نازک پرت کو نقصان پہنچائے بغیر وہاں جمع ہونے والے جراثیم کو خارج کر دیتا ہے اور آنتیں اپنی طبعی حالت پر آ جاتی ہیں۔

 قبض اور قولون ( بڑی آنت کے درد) کا علاج

اپنے ریشے دار اجزا کی وجہ سے یہ پھل آنتوں کی حرکت دودیہ کو تیز کر کے عارضی اور دائمی قبض کے لیے دوا اور خوش ذائقہ غذا کا کام کرتا ہے۔ دیگر ریلے پھل کھانے سے کمزور معدہ رکھنے والے اور دفتری اور دیگر کاروباری امور کی غرض سے زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے والے افراد کو گیس اور پیٹ پھولنے کی تکلیف ہو جاتی ہے۔ یہ پھل بھی اگر چہ گاڑھا اور خوش ذائقہ رس رکھتا ہے لیکن اس میں شامل " ٹے تین" سے پیٹ پھولنے، نفخ شکم، اور بار بار ڈکار آنے کے عوارض کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ اسی طرح اس سے قبض کا بھی خاتمہ ہو جاتا ہے اور بڑی آنت یعنی قولون کے درم اور درد کے لیے بھی جاپانی پھل ایک موثر پھل ہے۔

عورتوں کے امراض میں جاپانی پھل کی افادیت

 یہ پھل خواتین کی صحت اور تندرستی پر بھی خوشگوار اور حوصلہ افزاء اثرات ڈالتا ہے۔ پیڑو کے مقام پر بوجھ اور ماہواری ایام کی تکلیف میں مبتلا مستورات اگر صبح صبح اپنی عمر اور جسمانی ساخت اور ڈیل ڈول کے مطابق ایک سے تین چھٹانک تک جاپانی پھل کا ناشتہ کرنا اپنا معمول بنالیں اور بعد میں عرق بادیان ایک چھٹانک یا ایک پیالی چائے پی کر اور کچھ ناشتہ میں نہ کھا ئیں تو صبح کے اس خوش ذائقہ ناشتے سے پیٹ بھی بھر جائے اور چند دنوں کے متواتر استعمال سے اگلے مہینے سے ماہواری کی کمی اور درد بھی دور ہو جائے گا۔ 

دانتوں اور مسوڑوں کے امراض

جاپانی پھل میں وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی سے مسوڑھے پلپلے ہو جاتے ہیں اور ان سے خون آنے لگتا ہے۔ دانتوں میں بھی کمزوری اور ملنے کی شکایت پیدا ہو جاتی ہے۔ جاپانی پھل اس مرض کا تدارک کرنے کے لیے دانتوں کا محسن پھل ہے۔ وٹامن سی کی فراہمی کرنے میں یہ پھل بے نظیر ہے اور اس وٹامن سے دانت نہ صرف مضبوط ہو جاتے ہیں بلکہ مسوڑھے بھی مضبوط ہو کر اپنے طبعی افعال بہ خوبی انجام دینے لگتے ہیں اور ان سے خون کا اخراج بند ہو جاتا ہے۔ جس سے نظام ہضم پر انتہائی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

 پھیپھڑوں میں پانی پڑ جانے ( پلوریسی) کا علاج

پلوریسی بھی ایک تکلیف دہ عارضہ ہے۔ جس میں پانی پھیپھڑوں میں جمع ہو کر انسان کے لیے اذیت ناک صورت حال پیدا کر دیتا ہے۔ جاپانی پھل پھیپھڑوں کے افعال کو منتظم کرتا ہے۔ اس طرح پھیپڑے اپنے طبعی افعال بہ خوبی انجام دینے لگتے ہیں۔ جاپانی پھل پھیپھڑوں میں پانی بھر جانے یعنی پلوریسی کے مرض، یا پھیپھڑوں کی جھلیوں میں ورم ہو جانے میں مفید ہے۔

خون کے سرخ ذرات کی پیدائش

جاپانی پھل گونا گوں فوائد کا حامل ہے۔ اس سے انسان کی صحت پر خوشگوار اثرات پڑتے ہیں۔ انسان کی جسم کی قوت اور توانائی خون کی مرہون منت ہے۔ جس کے مختلف اجزا میں سرخ ذرات کا بڑا موثر کردار ہوتا ہے۔ جاپانی پھل خون کے سرخ ذرات کو پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ پھل خون کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ جو انسان کمزور ہوتا ہے اس کی کمزوری کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔