مختلف امراض میں لیموں کے شفائی اثرات

 لیموں کو اپنے طبی خواص اور ادویاتی تاثیرات کی بنا پر مختلف امراض کا شافی علاج تسلیم کیا گیا ہے۔ گرمی کے موسم میں جب لو اور گرمی کی شدت سے پینے کے ذریعے جسم کا پانی بدن سے خارج ہو جاتا ہے تو انسان کو شدت کی پیاس لگتی ہے تو لوگ لیموں کو پانی میں مکس کر کے اپنی پیاس کی تسکین کرتے ہیں۔پانی اور لیموں پینے سے دل کو فرحت اور دماغ کو تراوت میسر آتی ہے۔ انسان کو لاحق ہونے والے بعض امراض میں لیمن کے شفائی اور معالجاتی اثرات کا جائزہ ذیل کی سطور میں لیا جاتا ہے۔

 دانتوں کے امراض

دانت جس قدر مضبوط اور توانا  ہوں گے اتنا ہی وہ غذا کو اچھی طرح چبا کر اور بار یک کر کے معدے تک پہنچا ئیں گے ۔ جس سے غذا  بہ آسانی ہضم ہوتی ہے۔ مسوڑھوں اور دانتوں کی درستی انسانی صحت کی بحالی کی ضمانت ہے۔ بعض اوقات مسوڑھے متورم ہو جاتے ہیں۔ ان سے خون اور پیپ خارج ہونے لگتی ہے۔ اس تکلیف دہ مرض کا نام پائیوریا ہے، اسے ماسخورہ بھی کہتے ہیں۔ یہ مرض زیادہ تر ایسے لوگوں کو ہوتا ہے جو گوشت بہت زیادہ کھاتے ہیں اور دانت اچھی طرح صاف نہیں کرتے ۔ یہ مرض وٹامن سی کی کمی سے بھی ہوتا ہے۔ لیموں اس مرض کا بہترین علاج ہے۔ لیموں کی پتلی سی قاش کاٹ کر اسے دانتوں اور مسوڑھوں پر ملیں اور اسی طرح لیموں کا رس نچوڑ کر کھانوں میں استعمال کیجیے۔ ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے ایک پیالی میں عرق گلاب لیجیے اور اس میں لیموں کا رس بھی ملا لیجیے ۔ اس محلول سے صبح و شام کلیاں کیجیے۔ لیموں کا رس دانتوں پر ملنے سے دانت صاف اور سفید ہو جاتے ہیں۔ لیموں کے رس میں تھوڑا سا نمک ملا کر برش سے دانتوں پر ملیں ۔ آپ کے دانت چمک اُٹھیں گے ۔ اس سے منہ کی بد بو بھی ختم ہو جاتی ہے۔

 معدے کے امراض

معدہ انسانی جسم کے اعضا میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ نظام ہضم کی خرابی کی صورت میں لیموں کا استعمال مفید رہتا ہے۔ چونکہ یہ پھل بھوک لگانے والا ہے ، اس لیے اس کا رس لعاب دہن اور معاون بضم انزائمز کے بہاؤ میں تیزی پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے یعنی مقوی ہاضمہ ہے۔ آنتوں میں پیدا ہونے والے کیڑوں کو ہلاک کرتا ہے۔ اعضاء ہضم میں ہو جانے والی گیس کو خارج کرتا ہے۔ بدہضمی، صفرا اور قبض کی صورت میں لیموں کا رس مفید ہے۔ تھوڑے سے پانی میں لیموں کا رس ملا کر پینے سے سینے کی جلن کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ معدہ اور جہنم کے کئی امراض میں لیموں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ قدرت نے لیموں میں ایسے اجزار کھے ہیں جو ہیضہ کے مرض کا شافی علاج ہیں۔ لیموں کا رس بہت مختصر وقت میں پینے کے جراثیموں کو ہلاک کر دیتا ہے۔ ہیضہ میں لیموں کا رس نمک یا چینی ملا کر پینا موثر علاج ہے۔

 دوران خون کی اصلاح

بڑے لیموں میں وٹامن بی کمپلیکس75، ۱ ملی گرام فی 100 گرام پائی جاتی ہے اور وٹا من کی یہ مقدار اس کے چھلکے اور جوس دونوں میں ہوتی ہے۔ اس لیے بڑے لیموں کے استعمال سے دل کی طرف خون لے جانے والی وریدوں میں تحریک پیدا ہو جاتی ہے۔ ہائی بلڈ پریشر اور خون کی نالیاں سکڑ جانے کی صورت میں لیموں کا استعمال بہت عمدہ غذا اور موثر دوا کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے استعمال سے شریانوں کا سارا نظام مضبوط ہو جاتا ہے۔دوران خون کے مختلف نقائص اور دل کی کمزوری لیموں کے استعمال سے دُور ہو جاتے ہیں۔ ان امراض میں بڑے لیموں کا چھلکا بھی بڑا مفید ہے۔

موٹاپے کا علاج

لیموں کا رس موٹاپا دُور کرنے کا بہترین علاج ہے۔ مگر علاج کے دوران لیموں کے رس کے علاوہ اور کوئی غذا ہر گز استعمال نہ کی جائے۔ علاج شروع کرنے سے پہلے موٹاپے کے مریض کو خوب پانی پلایا جائے۔ اس سے اگلے تین دن تین عدد لیموں کا رس نچوڑ کر ہم وزن پانی میں ملا کر مریض کو پلا دیں اور اور ہر روز ایک لیموں کا اضافہ کرتے جائیں حتی کہ روزانہ استعمال کیے جانے والے لیموؤں کی تعداد بارہ تک پہنچ جائے ۔ اس کے بعد ہر روز ایک لیموں کم کرنا شروع کر دیں یہاں تک کہ روزانہ تعداد تین لیموں ہو جائے ۔ دورانِ علاج مریض پہلے دو دن اپنے آپ کو بھوکا اور نڈھال محسوس کرے گا۔ تیسرے دن اس کی حالت میں بہتری آجائے گی اور اسے بھوک محسوس ہی نہ ہو گی۔ اس طرح تقریبا دس دن صرف جوس پلاتے رہنے سے مریض کا موٹا پا دور ہو جائے گا۔

گلے کے امراض اور نزلہ وزکام

 گلے کے امراض ، نزلہ و زکام اور گلے کی خراش میں لیموں انتہائی فائدہ مند ہے۔ خوب پکے ہوئے لیموں کو سالم ہی ہلکی آنچ پر گرم کریں جو نہی چھال کا پھٹنے لگے تو آگ بند کر دیں۔ ایک چمچہ رس میں تھوڑا سا شہد حل کریں اور ایک ایک گھنٹے کے وقفے سے گلے کے امراض نزلہ، زکام اور خراش میں مبتلا مریض کو دیتے رہنے سے شفا ہو جاتی ہے۔ اسی طرح گلے کے امراض کی صورت میں گرم کیے ہوئے لیموں کے رس کو ایک گلاس اُبلے ہوئے پانی میں ملا کر مریض کو چسکیوں کے ساتھ پلائیں۔ اگر مریض پسند کرے تو ذائقہ کو بہتر کرنے کے لیے اس میں شہد یا چینی ملالیں ۔ زکام کی شدت میں دو عدد لیموں کا رس نصف سیر پانی میں شامل کر خوب ابالیں پھر اس میں تھوڑا سا شہد ملا کر رات کو سونے سے پہلے مریض کوپلائیں ، نزلہ، زکام کا نام ونشان تک مٹ جائے گا۔

 گنٹھیا اور جوڑوں کے درد کا علاج

 گنٹھیا کی بیماری ، جوڑوں کے درد اور سوزش میں لیموں کا استعمال پرانے وقتوں سے رائج ہے۔ لیموں میں پایا جانے والا وٹامن کی جوڑوں کے درد کو روکنے ، جسم کو جوڑنے والی بافتوں کو مضبوط بنانے اور جوڑوں کی سوزش کو تحلیل کرنے میں بڑا موثر ثابت ہوتا ہے۔ لیموں میں موجود سیٹرک ایسڈ، یورک ایسڈ کو تحلیل کرتا ہے۔ یہی یورک ایسڈ جوڑوں کے درد کا اصل سبب بنتا ہے۔

بواسیر کا علاج

بواسیر ایک تکلیف دہ مرض ہے۔ لیموں اس مرض کا بخوبی ازالہ کرتا ہے۔ ایک لیموں کو دو حصوں میں کاٹ کر خوردنی نمک دونوں کئے ہوئے حصوں پر چھڑک دیں۔ کٹے ہوئے حصوں کو دوبارہ ایک دوسرے پر رکھ کر لیموں کو منہ میں رکھیں اور اس کا رس آہستہ آہستہ چوسیں ۔ لیموں کا رس خون بند کرنے والے اجزا اور نمک کے ساتھ میگنیشیم سلفیٹ کی وجہ سے خون روک دیتا ہے اور خونی بواسیر کے متے سکڑ جاتے ہیں اور مریض اس اذیت ناک مرض سے نجات حاصل کر لیتا ہے۔

لیموں سے اسقاط حمل کا علاج

 بعض خواتین کا حمل بچہ کی پیدائش سے پہلے ہی ساقط ہو جاتا ہے۔ عورتوں کے لیے یہ ایک انتہائی تکلیف دہ صورت حال ہوتی ہے۔ اسقاط حمل میں بعض اوقات جان جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ اطبا نے اس کے لیے غور و فکر کے بعد علاج تجویز کیا ہے کہ افیون مصفی ایک تولہ ، رسونت مصفی5 تولہ کسی کھرل میں ڈال کر لیموں کے رس یا انار دانہ کے پانی میں ایک گھنٹہ کھرل کر کے نصف نصف رتی کی گولیاں بنالیں ۔ اسقاط حمل کا اکسیری علاج ہے ۔ حمل گرتے وقت اس کی چند گولیاں کھلائی جائیں تو حمل ساقط نہیں ہوتا۔ حسب موقع پندرہ پندرہ منٹ یا ایک ایک گھنٹہ بعد چند گولیاں استعمال کرائیں ۔ گرمیوں کا موسم ہو تو شربت صندل سے اور عام دنوں میں چاولوں کے دھوون سے گولیاں کھلائیں۔

سکروی کے مرض کا علاج

لیموں کی اہمیت در حقیت اس میں پائی جانے والی وٹامن سی کی وافر مقدار کی وجہ سے ہے۔ سالم پھل کی نسبت لیموں کے رس میں وٹامن سی زیادہ مقدار میں ہوتا ہے۔ لیموں میں وٹامن سی بھی پایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لیموں سکروی کے مرض کا اکسیری علاج بتایا جاتا ہے۔ بحری جہازوں میں کام کرنے کی وجہ سے سمندروں میں رہنے والے بے شمار ایسے لوگوں کی زندگیاں ، لیموں کے استعمال سے بچائی گئی ہیں جو سکروی کے مرض میں مبتلا تھے۔ بورڈ آف ٹریڈرز ریگولیشنز (Board of Traders Regulations) نے بحری جہازوں کے عملہ کے لیے ضروری قرار دے رکھا ہے کہ سبزیاں دستیاب نہ ہونے کی صورت میں انہیں لیموں کا رس ضرور پلایا جائے۔ لیموں کا رس وٹامن سی کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ لیموں کا رس ایک حصہ اور پانی تین حصے ملا کر مریض کو پلانا بے حد مفید ہے۔ ذائقہ کے لیے اس محلول میں شہد یا چینی کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

پاؤں کے تلووں کی جلن سے نجات

 بعض لوگوں کے پاؤں کے تلوے جلتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ اس سے بڑی بے چینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ اس عارضے کے تدارک کے لیے ایک بڑا لیموں کاٹ کر متاثرہ شخص کے تلووں اور ایڑیوں پر رگڑیں ۔ اس سے پاؤں کی جلن ، سوزش اور سڑکن کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ایسا کرنے سے پاؤں کے مساموں سے فاسد مادہ خارج ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاؤں پر لیموں رگڑنے سے پاؤں میں ہونے والا درد اور کھچاؤ بھی ختم ہو جاتا ہے۔

لیموں کے استعمال سے جسمانی خوبصورتی میں اضافہ

 لیموں کے قتلے کھردری اور میلی کہنیوں پر رگڑنے سے کہنیاں ملائم ہو جاتی ہیں۔ لیموں کا رس ٹھنڈے پانی میں ملا کر دھونے سے بال لمبے ، گھنے اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔ داغ دار اور بھدی جلد کو صاف کرنے کے لیے متاثرہ حصوں پر لیموں کے ٹکڑے رگڑنے اور رات بھر اس کو جلد میں جذب ہونے دیا جائے تو چند روز میں جلد صاف ، خوبصورت اور پرکشش ہو جاتی ہے۔ عہد شباب کی خوبصورتی کو بحال رکھنے اور نکھارنے کی صلاحیت لیموں میں بدرجہ اتم پائی جاتی ہے۔ لیموں کا رس 3 دفعہ کپڑے سے چھنا ہوا 2 تولہ ، عرق گلاب سہ آتشہ2 تولہ ، گلیسرین 2 تولہ، تینوں چیزوں کو شیشی میں ڈال کر یک جان کر لیں۔ چہرہ کے داغ، دھبے ، کیل اور مہاسے ختم کرنے کے لیے ایک لاجواب مرکب ہے ۔ چند روزہ استعمال سے چہرہ نکھر جاتا ہے۔

آنکھوں کے امراض

 لیموں آنکھوں کے عوارض کے لیے بھی اکسیری اثرات کا حامل ہے ۔ آنکھیں دُکھ رہی ہوں تو لیموں کا رس ملا کر ایک حصہ رس، چار حصہ عرق گلاب سے آنکھوں کو دھونے سے بڑی عمر میں موتیا بند سے آدمی محفوظ رہتا ہے۔