انگور سے مختلف  بیماریوں کا علاج

معدہ کے امراض

معدے کے امراض میں قبض کے لیے حسب ذیل طریقہ استعمال کریں۔ قبض ایک معروف مرض ہے۔ بچے اور بوڑے سب اس کے ہاتھوں پریشان ہیں۔ اگر چہ قبض کشائی کے لیے بے شمار ادویات منظر عام پر آچکی ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ دوائیں غذاؤں کا مقابلہ ہر گز نہیں کر سکتیں ، انگور کا استعمال دائمی طور پر قبض کشا ثابت ہوتا ہے۔ اگر انگوروں کا موسم نہ ہو یا مریض کی رہائش کی ایسے مقام پر ہو جہاں انگور دستیاب نہ ہوں تو قبض کے مریض کو چاہیے کہ مسلسل 15 روزہ تک کشمش شیر میں استعمال کرے ۔ مقدار کم از کم 5 تولہ ضرور ہو ۔ اس سے کم ہونے کی صورت میں فائدہ نہ ہوگا۔

پیٹ کے کیڑے

پیٹ کے کیڑے انسان کو پریشان کرتے ہیں ۔ ان کی وجہ سے بھوک بڑھ جاتی ہے اور معدے کا نظام گڑ بڑ ہو جاتا ہے۔ پیٹ کے کیڑوں کے تدارک کے لیے حسب ذیل نسخہ استعمال کریں۔ ورق قلعی 1 چھٹانک ، مویز منقیٰ 3 چھٹانک ، دونوں کو ملا کر یہاں تک پسیں کہ معجون کی مانند ہو جائے ۔ خوراک استعمال 6 ماشہ ہے۔ اس کے بعد کمیلہ شستہ6ماشے گائے کے دہی میں ملا کر مصری اضافہ کر کے پلائیں۔ ان شاء اللہ پیٹ کے کیڑے مرجائیں گے اور مریض شفایاب ہو کر آرام محسوس کرے گا۔

تقویت ہاضمہ کے لیے

انگور ایک ایسا پھل ہے جس سے بڑھ کر دنیا کا کوئی پھل نظام ہضم کو تقویت دینے والا نہیں ہے۔ ایک گھنٹہ کے ہر منٹ میں ایک دانہ انگور کھایا جائے اور اسی طرح دن میں تین چار بار اس کا استعمال جاری رکھا جائے اور اس عمل کے دوران خشک روٹی کے علاوہ کوئی اور چیز نہ کھائی جائے تو نحیف اور لاغر شخص کے لیے یہ عمل اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔ کثرت کار اور محنت و مشقت کی زیادتی سے کسی شخص کی قوت ہاضمہ متاثر ہو جائے تو اس طریقہ پر عمل کر کےاس کی تکلیف کو دور کیا جا سکتا ہے۔

دل کی دھڑکن

دل کی دھڑکن یا خفقان قلب ایک شاہی مرض ہے اور مہنگے علاج کا متقاضی ہے۔ اس کے لیے ایک آسان سا نسخہ بیان کر رہے ہیں جس سے اس مرض سے نجات مل جاتی ہے۔ اچھی قسم کی سب کشمش 40 دانے لے کر چینی کی پیالی میں ڈال کر اس میں عرق گلاب دس تولے شامل کر دیں اور ڈھانپ کر رکھ دیں ، اور پوری رات اسی حالت میں پڑا رہنے دیں۔ صبح کے وقت کشمش کے دانے کھلا دیں اور عرق گلاب میں چینی ملا کر وہ بھی استعمال کرائیں اس طرح چند دن کے لگاتار استعمال سے خفقان کی تکلیف سے آرام مل جائے گا۔ 21 دن تک کر لیں تو سونے پر سہا گہ ہے۔

مرگی کا علاج

مرگی یا صرع ایک نہایت خطرناک بیماری ہے۔ اس کے دورے بڑے شدید ہوتے ہیں اور مریض دوران دورہ اپنے حواس میں نہیں رہتا۔ اطباء کے مطابق مرگی کے مریضوں کے لیے انگور مفید ہے۔ شیریں اور عمدہ انگور لے کر ان کا رس نکال لیں اور اس کا متواتر استعمال مرگی کے لیے ازحد مفید ہے۔ اسی طرح عاقر قرحا کو باریک پیس کر اس کے وزن سے 2 گنا مویز منقی ملا کر معجون تیار کریں۔ خوراک ڈیڑھ ماشہ سے شروع کریں اور اسے3 ماشے تک لے جائیں اور پھر اس دوا کی کرشمہ سازیاں ملاحظہ فرمائیں۔ انتہائی سستی دوا ہے مگر افادیت میں جواہرات کا مقابلہ کرتی ہے

چہرے کا نکھار اور شادابی

خوبصورت دکھائی دینا ہر انسان کی فطری خواہش ہے۔ اس مقصد کے لیے بالعموم لوگ کر یمیں ، پاؤڈر اور ابٹن استعمال کرتے ہیں ۔ مگر ان بیرونی تدبیروں سے رنگت کی دلکشی کا پیدا ہونا محال ہے۔ رنگت کا نکھار اور چہرے کی خوبصورتی و شادابی صاف خون کے پیدا ہونے پر منحصر ہوتی ہے۔ جن لوگوں میں تازہ اور مصفی خون کی کثرت ہوتی ہے ان کے چہرے کی رنگت دلفریب و جاذب نظر گلاب کے پھولوں کی مانند کھلتی ہوئی معلوم ہوتی ہے۔ خوبصورت اور دلکش چہرے کے لیے مصفی اور مولد خون اشیا کو استعمال میں لانا ضروری ہے۔ اطباء اور حکماء کے مطابق انگور سیب اور تاریخ رنگت کے نکھار اور چہرے کی شادابی کے لیے اکسیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ ان کے متواتر استعمال سے قوت ہاضمہ بڑھتی ہے اور جگر صاف اور طبعی خون پیدا کرتا ہے۔ جس سے تازہ خون کی لہریں انسانی چہرے کو چمکتا دمکتا بنا دیتی ہیں۔

سینے کی بد بوزائل کرنا

بعض لوگوں کا پسینہ انتہائی بد بودار ہوتا ہے جس سے نہ صرف لباس بد بودار اور میلا ہو جاتا ہے بلکہ اس سے ملنے جلنے والے افراد بھی کراہت محسوس کرتے ہیں۔ یہ پسینہ کئی ایک امراض کا بھی پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسے افراد کو چاہیے کہ اس بد بو کا فی الفور علاج کریں۔ اس کے لیے اگر عرق انگور سے روزانہ بدن پر مالش کی جائے تو چند ہفتوں کی مالش سے پسینے کی بد بو خوشبو میں بدل جائے گی اور انسان کی زندگی خوش گوار یوں اور مسرتوں کا گہوارہ بن جائے گی۔